ماہرین کا کہنا ہے کہ خوش مزاجی اور مسکراہٹ سے انسان کی صحت پر نہایت مفید اثرات مرتب ہوتے ہیں اور ایسے افراد جو ہر حال میں مسکراتے رہتے ہیں وہ مالی تنگدستی ، صحت کی خرابی اور گھریلو معاملات میں خرابی کے باوجود دیگر افراد کے مقابلے میں زیادہ عمر پاتے ہیں۔ یونیورسٹی آف کیرولینا کے سائنسدانوں نے 30 سال کے عرصے پر محیط اپنی تحقیق کے دوران 30 ہزار سے زائد افراد سے سوالات کیے جن میں ان سے پوچھا گیا کہ آپ اپنے موجودہ حالات کے بارے میں کیا کہتے ہیں، آیا آپ بہت خوش ہیں؟۔۔ یا زندگی قدرے خوشگوار گزررہی ہے ؟۔۔۔یا پھر آپ
اپنے حالات پر دکھی اور ناخوش ہیں۔۔۔۔؟
تحقیق کے دوران مرنے والے افراد کی اموات کے ریکارڈ کا بھی تجزیہ کیا گیا جس میں انکشاف ہوا کہ ایسے افراد جو ناخوش اور دکھی رہتے ہیں ان کی زندگی کم ہونے کے امکانات ہنستے مسکراتے اور خوش مزاج افراد کے مقابلے میں 14 فیصد بڑھ جاتے ہیں۔ محققین کا کہنا ہے کہ ماہرین معاشیات طویل عمر کے لیے معاشی تحفظ جب کہ کرمنالوجسٹ پر تحفظ اور تشدد سے پاک زندگی اور ڈاکٹر صحت مندانہ زندگی کو اہم قرار دیتے ہیں لیکن خوشی جیسے اہم عنصر کو نظر انداز کردیا جاتا ہے ۔